ماحولیاتی خطرات سے بچنے کیلئے پاکستان نے کلائمیٹ ڈیٹا بینک کی تجویز دے دی
اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے V۔ 20 ممالک کوکلائمیٹ ایکشن ڈیٹابینک قائم کرنے کی تجویز دے دی۔رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ ڈیٹا بینک کا قیام واقعی ماحولیاتی خطرات، اقتصادی نقصانات اور وی ٹوئنٹی گروپ کے رکن ممالک کی مالیاتی لچک پیدا کرنے کی ضروریات کے اعداد و شمار کو یکجا کرنے کیلیے ایک اہم اقدام ہوگا۔رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار خطوں سے تعلق رکھنے والے 70 ممالک پر مشتمل تنظیم وی ٹوئنٹی (V20) کے اعلی سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر انھوں نے وی ٹوئنٹی گروپ کے درمیان علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ جامع آب و ہوا کے اعداد و شمار تک رسائی سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں بشمول ایشیائی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ قرضوں کے بدلے فطرت کے تبادلے، قرضوں میں ریلیف یا مالی سال کے خاتمے کے لیے تنظیم نو کے لیے بہتر طریقے سے بات چیت کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔