گلوبل سپر لیگ: انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر ڈیرن گوف لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ مقرر
گیانا میں شیڈول گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل)کیلئے لاہور قلندرز نے ڈیرن گوف کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔گلوبل سپر لیگ کا آغاز گیانا میں 26نومبر سے ہو گا اور ڈیرن گوف 23نومبر کو اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ڈیرن گوف کی تقرری پر لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر اور سابق ایم ڈی یارکشائر کانٹی ڈیرن گوف کا ہیڈ کوچ کے طور پر تقرر کرکے خوش ہیں، ڈیرن گوف گلوبل سپر لیگ میں اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے۔دوسری جانب ڈیرن گوف نے لاہور قلندر کے ہیڈ کوچ بننے پر کہا کہ قلندرز کے ساتھ جڑنا اور کام کرنا اعزاز کی بات ہے، میں لاہور میں پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کے دوران معاونت کرچکا ہوں اور مستقبل میں بھی لاہور قلندرز کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔علاوہ ازیں لاہور قلندرز کے ثمین رانا کا کہنا تھا کہ قلندرز پرجوش انداز میں ڈیرن گوف کو خوش آمدید کہتی ہے، ان کے تجربے سے ہماری بنیاد کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ۔واضح رہے کہ جی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی 26 نومبر سے 7 دسمبر تک کھیلی جائے گی جس کے 11 میچز کے شیڈول کا اعلان بھی کردیا گیا ہے جب کہ جی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی کی انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے