ملتان:پنجاب حکومت اساتذہ کے مطالبات پورے کرے، مولانا عبدالغفور حیدری
ملتان (اردو جائزہ)حکومت پنجاب اساتذہ تنظیموں کے مطالبات پورے کرے اور اساتذہ کے خلاف اقدامات سے باز رہے، سرکاری سکولوں کی نجکاری اپنی آئینی ذمہ داریوں سے انحراف ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، قوم کے معماروں کا اپنے مطالبات کے لئے سڑکوں پر نکلنا پوری قوم کے لیے باعث تشویش ہے۔ ان خیالات کا اظہار جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے جے یو آئی پنجاب کے امیر مولانا سید محمود میاں سے جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز، مولانا سید عکاشہ میاں، مولانا زاہد حسین و دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعتوں نے جلد بازی میں سیاسی جماعتوں کو لاعلم رکھ کر پارلیمنٹ سے بل پاس کرائے جو غیر جمہوری اور غیر سیاسی عمل ہے حکومت نے چھبیسویں آئینی ترمیم کے دوران مذاکرات کی روح کو سبوتاژ کیا ہے اورمسترد شدہ امور کو پاس کرایا جو کسی طرح قابل قبول نہیں۔ اس ملاقات کے دوران ملکی سیاسی معاملات کے ساتھ ساتھ جماعتی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔