پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کرے، چینی وزارت خارجہ
بیجنگ: چین نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے مزید موثر اقدامات کیے جائیں۔اتوار کی شب دہشت گردانہ حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت اور ایک شہری کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین اس دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے سے صدمے میں ہے اور اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہریوں کی ہلاکت پر غمزدہ اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان حملے کی مکمل تحقیقات کرے اور قصورواروں کو سخت سزا دے۔دریں اثنا چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے فوری ایمرجنسی پلان نافذ کرکے پاکستان سے تحقیقات کی درخواست کی ہے۔ پاکستان کو چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مثر اقدامات کرنے چاہئیں۔چینی سفارت خانے نے کہا کہ زخمیوں اور ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے متاثرین کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔