چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کا آئینی ترامیم کا مجوزہ مسودہ انٹرنیٹ پر شیئر کردیا۔اپے بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ میثاق جمہوریت کے نامکمل عدالتی اصلاحات کے ایجنڈے کو مکمل کرنے کی تجاویز ہیں، وہ تمام وفاقی اکائیوں کی یکساں نمائندگی کے ساتھ آئینی عدالت کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ ججز کی تعیناتی میں ججز کے ذریعے ججز کیلئے کا عمل ختم کرنا چاہتے ہیں اور اس عمل میں پارلیمنٹ، عدلیہ اور قانونی برادری کو برابری کا درجہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متفقہ مسودہ تیار کرنے کیلئے اپوزیشن کی جماعت جے یو آئی سے بات چیت کر رہے ہیں، سیاسی جماعتوں کے وسیع تر اتفاق رائے کی بنیاد پر مشترکہ مسودے کیلئے پرامید ہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وہ ترامیم کا مسودہ بہتر کرنے کیلئے بامعنی عوامی ردعمل کا خیر مقدم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے درحقیقت تین ایپکس کورٹس بنانے کی تجویز دی تھی، قائداعظم کی تجویز تھی کہ وفاقی آئینی عدالت، آئینی اور بنیادی حقوق کے امور دیکھے، سپریم کورٹ ہائی کورٹس کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں سنے اور تیسری ایپکٹس کورٹ کریمنل کورٹ آف اپیل ہو۔