اسلام آباد: کے الیکٹرک نے سروس ایریا میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والے متعدد افراد کو چور، نشے کا عادی اور ذہنی مریض قرار دیدیا۔ کے الیکٹرک نے سروس ایریا میں 33 شہریوں کی کرنٹ لگنے سے ہلاکت کے معاملے پر اموات کی وجوہات کی تفصیلات نیپرا کو جمع کرادیں۔کے الیکٹرک نے اپنے جواب میں کرنٹ لگنے سے مرنے والے متعدد شہریوں کو چور، نشے کاعادی اور ذہنی مریض جب کہ کرنٹ سے ہلاک بیشتر شہریوں کو نامعلوم بھی قرار دیا۔کے الیکٹرک نے اپنے جواب میں کہا کہ ذہنی مریض دلدار 11کے وی کے کھمبے پرچڑھنے سے جاں بحق ہوا، کراچی میں ویسٹ ہارف میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والا شہری نشے کا عادی تھا جب کہ ایک شہری سب اسٹیشن سے بجلی چوری کی کوشش میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔ کے الیکٹرک کے مطابق ملیر، سپرہائی وے، سائٹ ایریا، گلشن معمار، بن قاسم، گلستان جوہر، لیبر اسکوائر لانڈھی اور کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں نشے کے عادی افراد بجلی چوری، کیبل چوری اور دیگر سامان چوری کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوئے۔ کے الیکٹرک نے جواب میں مزید بتایا کہ کورنگی کے علاقے میں سب اسٹیشن سے لاش برآمد ہوئی، مائی کولاچی میں پیٹرولنگ کے دوران کرنٹ لگنے سے مرنے والے کی لاش ملی جب کہ ایک اور لاش نالے سے بھی ملی۔ نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک کے زیر انتظام علاقوں میں 23-2022 میں 33 شہریوں کی اموات ہوئیں جب کہ نیپرا نے گزشتہ ماہ جاری شوکاز نوٹس پرکے الیکٹرک کا جواب مستردکرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کاجرمانہ عائد کیا تھا۔