اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج سے متعلق عدالتی فیصلے کو پوری قوت سے نافظ کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بشریٰ بی بی کے کل سعودی عرب کے حوالے سے دیے جانے والے بیان پر کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کشتی ڈوب رہی ہے جسے بچانے کےلیے یہ بیان دیا گیا۔
انہوں نے بشریٰ بی بی کے سعودی عرب پر الزامات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ کو اس بیان کی خود تردید کرنی چاہیے۔
خواجہ آصف نےکہا کہ بشریٰ بی بی نے سیاسی وراثت کا دعویٰ کیا ہے، بھابی اور نندوں کے درمیان وراثت پر کشمکش چل رہی ہے، تین خواتین ایک طرف اور ایک خاتون دوسری طرف ہے، یہ سیاست کا بدصورت چہرہ ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، احتجاج سے متعلق کل کے عدالتی فیصلے کو پوری قوت سے نافذ کریں گے، عوام اور ریاست دونوں احتجاج کرنے والوں کا بندوبست کریں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کل بھی خیبرپختونخوا مین خون ریزی ہوئی اور وزیراعلیٰ ہر چوتھے دن وفاق یا پنجاب پر حملہ آور ہو جاتے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی کے خلاف اب تک کیا کیا ہے؟