ھارت میں گھوڑے کو زبردستی سگریٹ پلانے والے افراد کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر 2 افراد کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک فرد کو گھوڑےکا منہ بند کرتے جبکہ دوسرے کو زبردستی گھوڑےکے نتھنوں میں سگریٹ ڈال کر بے زبان جانور کو سگریٹ پلاتے دیکھا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویڈیو کیدرناتھ یاترا کے راستے میں بھمبالی کے اوپر پڑنے والے تھارو کیمپ کی ہے۔
ویڈیو پوسٹ کرنے کے ساتھ ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دعویٰ کیا گیا کہ کئی گھوڑوں اور خچروں پر زیادہ بوجھ لادنے کیلئے انہیں کوڑے مارے جاتے ہیں اور انہیں اکثر نشہ دیا جاتا ہے، یاترا کے پہلے 20 دنوں میں 60 سے زیادہ خچر مر بھی گئے، یہ افراد بھوک اور تھکن کی وجہ سے ان بے زبان جانوروں کی لاشوں کو راستے میں یوں ہی چھوڑ کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
تاہم اب بتایا جا رہا ہے کہ بھارتی پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، بھارتی پولیس کے مطابق یاترا کے دوران جانوروں پر تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف 14 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔