فیض آباد پر پی ٹی آئی کارکنوں کے پولیس کے ساتھ تصادم کا مقدمہ، 250ملزمان نامزد
راولپنڈی: فیض آباد پر پولیس کے ساتھ تصادم کا پہلا مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں 250 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ڈی چوک احتجاج کے لیے آنے والوں کا فیض آباد پر پولیس کے ساتھ تصادم ہوا، جس کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ 250 ملزمان کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت درج کیا گیا ہے، جس کے مطابق مظاہرین کے تشدد و پتھرا سے 3 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے جب کہ مظاہرین نے پولیس پٹرولنگ گاڑی بھی توڑ دی۔مقدمے میں پنجاب مینٹی نینس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 16 بھی شامل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی مختلف 8دفعات بھی مقدمے میں شامل ہیں۔