پی آئی اے ملازم 16 موبائل فون جسم سے باندھ کر کینیڈا سے اسلام آباد لے آیا،کسٹم حکام نے گھیر لیا
کراچی: قومی ائیر لائن پی آئی اے کا ایک فضائی میزبان کینیڈا سے اسلام آباد کی پرواز میں 16 نئے موبائل فون جسم کے ساتھ باندھ کر لے آیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کا ایک ملازم کینیڈا سے اسلام آباد کی پرواز میں 16 نئے موبائل فون جسم کے ساتھ باندھ کر لایا جسے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کسٹمز کے عملے نے حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق اس معاملے کو کئی دن سے خفیہ رکھا گیا تھا جسے قومی ائیر لائن کی جانب سے جاری ایک شوکاز میں ظاہر کیا گیا ہے۔شوکاز نوٹس کے مطابق پی آئی اے کا فضائی میزبان 24 اکتوبر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے پرواز پی کے 782 میں اسلام آباد پہنچا تھا۔نوٹس میں بتایا گیا کہ ائیرپورٹ سے باہر جانے کے دوران کسٹم حکام کو فضائی میزبان پر شک ہوا جس پر کسٹم حکام نے اس کی تلاشی لی تو اس کے جسم کے ساتھ 16 جدید موبائل فون بندھے ہوئے پائے جنہیں بعد ازاں ضبط کرکے ملازم کو حراست میں لے لیا گیا۔ پی آئی اے حکام نے معاملہ ایک شوکاز میں اٹھاتے ہوئے ملازم کو 3 دن میں جواب دینے کی ہدایت کی شوکاز نوٹس کا جواب تسلی بخش نہ ہونے پر ملازم کو ملازمت سے برطرف کیا جا سکتا ہے۔