لاہور: رواں سال کرایہ داری ایکٹ کیخلاف ورزی پر2575مقدمات درج کئے گئے، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ
لاہور (اردو جائزہ )لاہور پولیس کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ رواں سال کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر2575مقدمات درج کئے گئے،4286 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ترجمان لاہور پولیس کیمطابق سٹی ڈویژن میں 821 ملزمان،کینٹ میں 231، سول لائنزمیں 545، صدرمیں 1799، اقبال ٹاون میں 462 اورماڈل ٹاون میں 428ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کرایہ داری کا اندراج نہ کروانے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاون جاری ہے۔کرایہ داری کا پولیس ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم میں اندراج مالک مکان اور کرایہ دار دونوں کی ذمہ داری ہے۔ایس ایچ اوزاپنے اپنے علاقے میں کرایہ داروں کے اندراج کے لئے مالکان کو پولیس ایپ ٹیننٹ رجسٹریشن میں اندراج کا پابند بنائیں،ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم کے تحت کرایہ داروں اورنجی ملازمین کے پولیس ریکارڈ کے اندراج میں بہتری آئی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم میں اندراج سے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں بھی مدد مل رہی ہے۔جدید ٹیکنالوجی کوبروئے کار لاتے ہوئے ریکارڈ یافتہ مجرمان کو قانون کے شکنجے میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی ایس او پیز کے تحت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔